منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں فری میڈیکل کیمپس

دوران اعتکاف خدمات

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک بین الاقوامی فلاحی و رفاہی تنظیم ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی منفعت کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں مدد و تعاون فراہم کرنے کیلئے پاکستان سمیت پوری دنیا میں کوشاں ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قوم کو جہالت، بیماری، غربت، بے روزگاری، محرومی اور قدرتی آفات اور بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے عملی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امداد باہمی کے تصور کے تحت معاشرے کے خوشحال طبقے کے ساتھ ملکر متاثرہ و بدحالی میں مبتلا طبقے کے افراد میں تعاون، اخوت، عزت و احترام اور انہیں خوشحال زندگی گزارنے کے لیے اعانت فراہم کرتی ہے۔ اس تصور کے تناظر میں تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 17 اکتوبر 1989ء کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔

تخلیق ِانسانی کا مقصد جہاں خدائے بزرگ و برتر کی بندگی ہے وہیں ایک دوسرے کے دُ کھ درد بانٹنا بھی انسان کا اولین فریضہ ہے اور دُکھی انسانیت کی مسیحائی کا یہ فریضہ سرانجام دینے کیلئے منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہر سال شہر اعتکاف میں معتکفین اور معتکفات کے لیے الگ الگ فری میڈیکل کیمپس لگائے جاتے ہیں، جس میں 10 دنوں کے لیے 24 گھنٹے فری میڈیکل سروس فراہم کی جاتی ہے اور میڈیکل ہیلتھ یونٹس میں ایلو پیتھک اور ہومیو پیتھک دونوں قسم کے طریقہ ہائے علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ کیمپس میں بین الاقوامی معیار کی ادویات اور اعلیٰ معیار کے جدید ترین طبی آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

میڈیکل کیمپس میں 30 سے زائد ماہر ڈاکٹرز اور 40 سے زائد پیرا میڈیکل اسٹاف کے اراکین خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ دوران اعتکاف روزانہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کا فری چیک اپ کیا جاتا ہے اور اُن کو مفت ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 10 سے زائد ایمبولینسز 24 گھنٹے موجود ہوتی ہیں اور ہنگامی صورت حال میں مریضوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت معتکفین و معتکفات کی سہولت کے لیے زکوٰۃ، صدقات اور عطیات جمع کروانے کے لیے بھی کمیپ 10 دن بھی لگایا جاتا ہے۔

تبصرہ